ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کی مؤثر سفارتکاری، دنیا بھر کے رہنماؤں کا اظہارِ تشکر

ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کی مؤثر سفارتکاری، دنیا بھر کے رہنماؤں کا اظہارِ تشکر

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں مؤثر اور نتیجہ خیز سفارتکاری کے باعث پاکستان کی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی جاری ہے۔

 مختلف ممالک کی اہم شخصیات نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی قیادت، خصوصاً وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا ہے۔چین نے بھی ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ اسی طرح آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے جنگ بندی کے عمل میں پاکستان کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹوکر نے کہا کہ شدید بحران اور تباہ کن اثرات رکھنے والی جنگ کو رکوانے میں پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی پاکستان کے بطور ثالث شاندار کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا، جبکہ جرمن چانسلر فریڈریخ مرز نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے پاکستان کی بطور ثالث انتھک کوششوں پر وہ شکر گزار ہیں۔

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کردار کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دوسری جانب یورپین کونسل اور یورپی یونین کمیشن کی صدور نے بھی ایران امریکا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز، اسپین اور جاپان نے مشترکہ بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اس کے علاوہ قازقستان اور ملائیشیا کے صدور، جبکہ ناروے اور سویڈن کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کو سراہا۔ قطر، عمان، پرتگال اور رومانیہ سمیت متعدد ممالک نے بھی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔