اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی اور امن کوششوں سے دستبردار ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں اور مذاکرات ہی تنازع کے حل کا واحد راستہ ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ موجودہ کشیدگی وقتی نوعیت کی ہے اور امید ہے کہ بالآخر امن اور مذاکرات کی سوچ غالب آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا، البتہ بعض اوقات عارضی تعطل کا شکار ہو سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی ایک مؤثر اور قابلِ عمل فریم ورک ہے۔ ان کے مطابق جب فریقین کشیدگی کا راستہ چھوڑیں گے تو امن کی بحالی اسی مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ممکن ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ یادداشت نہ ختم ہوئی ہے اور نہ ہی غیر مؤثر ہوئی، بلکہ اس کی اہمیت برقرار ہے۔طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کا 27 فروری کا مؤقف آج بھی برقرار ہے، جس کے تحت پاکستان ہر ملک پر مسلح حملوں کی مذمت کرتا ہے اور ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کے ہر مرحلے میں پاکستان نے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی مسئلے کا مستقل حل قرار دیا ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن کے لیے بنیادی فریم ورک فراہم کرتی ہے، جبکہ 22 جون کے پاکستان اور قطر کے مشترکہ اعلامیے میں اس پر عملدرآمد کا روڈ میپ بھی موجود ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تکنیکی سطح پر مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی سے توانائی، تجارت اور غذائی تحفظ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے آبنائے ہرمز میں معمول کی صورتحال، جہازرانی کی آزادی اور تجارتی راستوں کی بحالی ناگزیر ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کا خواہاں ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے خطے کے اہم ممالک سے مسلسل سفارتی رابطے میں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 10 جولائی کو وزیراعظم نے امیرِ قطر سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ قطر پر حملوں کے بعد یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل اختیار کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسی روز وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی رابطہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی، تحمل کے مظاہرے اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں اور ان میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات کا مقصد دوطرفہ تجارت میں اضافہ، پاکستانی برآمدات میں تنوع اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان رابطوں کے تمام ذرائع کھلے ہیں اور دونوں ممالک آئندہ بھی تجارتی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔