حکومت کی آئی ایم ایف کو ایندھن مہنگا ہونے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی یقین دہانی

حکومت کی آئی ایم ایف کو ایندھن مہنگا ہونے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی یقین دہانی

حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کو منتقل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف مشن نے مالیاتی استحکام یقینی بنانے اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات پر زور دیا ہے۔آئی ایم ایف مشن نے بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کے تناظر میں پاکستانی حکام سے مالیاتی استحکام کے لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ مشن نے توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کو قابو کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مشن نے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی صورت میں پیدا ہونے والے مالیاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے متبادل ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے طریقے تلاش کرنے پر بھی توجہ دلائی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ جاری خلیجی جنگ کے باوجود ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ حکام نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کو منتقل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔تاہم پاکستانی حکام کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقات کو بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات سے تحفظ دینے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز متعارف کرائی گئی ہیں، تاکہ اضافی مالی بوجھ کے دوران ضرورت مند افراد کو مخصوص معاونت فراہم کی جاسکے۔