لاہور میں غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ، 2 من مضر صحت گوشت برآمد، تلف

لاہور میں غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ، 2 من مضر صحت گوشت برآمد، تلف

لاہور میں شہریوں کو ناقص اور مضر صحت گوشت کی سپلائی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے کچا جیل روڈ پر قائم گھر میں بنائے گئے غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مارا۔

 کارروائی کے دوران 2 من بدبودار اور ناقص گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق رہائشی علاقے میں ایک گھر کے اندر خفیہ طور پر غیر قانونی مذبح خانہ قائم کیا گیا تھا، جہاں ناقص اور مضر صحت گوشت تیار کرکے سپلائی کرنے کا کام جاری تھا۔ ویجیلنس ٹیموں کو خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کارروائی کی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں بدبودار اور ایکسپائر گوشت برآمد ہوا، جس کی رنگت تبدیل ہو چکی تھی۔ ابتدائی معائنے میں گوشت مختلف بیماریوں سے متاثر پایا گیا، جسے انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ برآمد ہونے والا ناقص گوشت بغیر مناسب پیکنگ اور لازمی ٹیگنگ کے فریزر میں رکھا گیا تھا۔ گوشت کی حالت اور اسے محفوظ کرنے کے غیر معیاری طریقہ کار سے واضح ہوا کہ فوڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 2 من ناقص اور بدبودار گوشت تلف کیا گیا، جبکہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔منصور احمد کا کہنا تھا کہ شہریوں کو مضر صحت اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف خفیہ اطلاعات اور نگرانی کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔