مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 7.30 فیصد ہوگئی، وزارت خزانہ نے مارچ کیلئے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد لگایا تھا
حکومت غور کر رہی ہے پٹرول کی قیمت میں مکمل فرق جبکہ ڈیزیل کی قیمت میں آدھا بوجھ صارفین پر منتقل کر دیا جائے‘ایل پی جی مقررہ سے زیادہ قیمت پر450روپے کلو فروخت‘شہری پریشان
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مارچ میں ملک کے اندر مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔پاکستان میں فروری کے مقابلے مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18 فیصد کا اضافہ ہوا، مارچ 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 7.30 فیصد ہوگئی، وزارت خزانہ نے مارچ کیلئے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد لگایا تھا۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 تا مارچ 2026 میں اوسط مہنگائی 5.67 فیصد رہی، فروری 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 6.98 فیصد ریکارڈ کی گئی، مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 0.7 فیصد تھی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 0.96 فیصد بڑھی، مارچ 2026 میں شہروں میں مہنگائی میں 1.34 فیصد کا اضافہ ہوا۔گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.17 فیصد جبکہ شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.39 فیصد رہی۔دریں اثناء پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے تاہم آئندہ چند روز میں نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے پٹرول اور ڈیزیل کی قیمتوں میں اضافے اور غریب طبقات کے لیے ایک مشترکہ سبسڈی فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا پٹرول کی قیمت میں درآمدی لاگت کے مقابلے میں 100 روپے اور ڈیزل میں 200 روپے فی لیٹر سے زائد کا فرق موجود ہے، حکومت غور کر رہی ہے کہ پٹرول کی قیمت میں مکمل فرق جبکہ ڈیزیل کی قیمت میں آدھا بوجھ صارفین پر منتقل کر دیا جائے۔اوگرا کی جانب سے حتمی حساب کتاب کے بعد آئندہ چند روز میں نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ملک کے اکثر شہروں میں ایل پی جی بھی مقررہ نرخوں پر فروخت نہیں کی جا رہی‘ایل پی جی 450 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے