جو صورتحال چل رہی ہے، پٹرول ہزار روپے لٹر بھی نہیں ملے گا‘ بہت سے ممالک میں پٹرول نہیں مل رہا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے قیمت بڑھتی ہے:وزیرداخلہ

جو دھاوا بولے گا اپنا نقصان کریگا:محسن نقوی پی  ٹی آئی والوں کو اسلام آباد نہیں آنے  دینگے: عطا ء تارڑ
سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان سے نمٹنے کیلئے اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے، ابھی وقت ہے اس تنگ گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ بچے:وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس
 تحریک انصاف کبھی پرامن احتجاج نہیں کرتی، پرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے‘ان کے پاس انتشار کی سیاست کا وقت ہے، اپنے صوبے کے عوام کے لئے  وقت نہیں:وزیراطلاعات
لاہور (آن لائن‘آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے  اسلام آباد پر دھاوا بولا تو انکا اپنا ہی نقصان ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے لہٰذ سختی سے نمٹا جائے گا۔سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان سے نمٹنے کیلئے اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے، ابھی وقت ہے اس تنگ گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ بچے‘  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے  کہا احتجاج سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا البتہ ملکی معیشت کو نقصان ضرور ہوگا، پی ٹی آئی کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے۔ محسن نقوی نے کہا کہ رات ایک بجے ہم پشاور میں جنازے پر تھے لیکن کوئی مقامی وزیر شہیدوں کے جنازے میں نہیں تھا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن آپ اتنے بے حس ہوگئے ہیں کہ نا تو خود اور نا ہی کوئی وزیر شہیدوں کے جنازے میں گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے اور اس طرح بند گلی میں نہ جائیں جس میں واپسی کا راستہ نہ ہوا، جس منصوبے کے تحت آ رہے ہیں اس سے اپنا اور ملک کا نقصان نہ کریں، اگر وہ ایسا کریں گے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا کہ ملک 10، 20 روز کے لیے بند ہو جائے، ان کا مطالبہ اگر بانی پی ٹی آئی کا اسپتال چیک کا ہے تو وہ رات بھی ہوا ہے، پی ٹی آئی کو خود بھی نہیں پتہ کہ ان کے مطالبات کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کے لیے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے‘انہوں نے کہا جو صورتِ حال چل رہی ہے، ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملے گا۔دریں اثناء  وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے  تحریک انصاف کبھی پرامن احتجاج نہیں کرتی، پرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے، انہیں اسلام آباد آنے نہیں دیں گے۔کوہاٹ میں ورکرز سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ   کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سی ایم ایچ کوہاٹ میں زیر علاج زخمی جوانوں کا جذبہ دیدنی ہے، فوج اور پولیس کے جوانوں اور افسران نے بہادری سے آپریشن میں حصہ لیا، ہم سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے۔۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ واقعہ کے وقت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کہاں تھے؟ وزیر اعلیٰ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے لاہور کی سڑکوں پر موجود تھے، ان کے پاس انتشار کی سیاست کا وقت ہے، اپنے صوبے کے عوام کے لیے وقت نہیں‘انہوں نے کہا  مسلح جتھوں کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا، پی ٹی آئی والے کبھی پرامن نہیں رہے، پرامن احتجاج ان لوگوں کی روایت نہیں ہے۔