ایف آئی اے :پاسپورٹ آفس قصور سے 11 افراد گرفتار

اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے شالیمار ٹائون میں اشتہاری سعید ہمایوں دھرلیا 
 لاہور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاہور زون کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا کی ہدایت پر اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس قصور میں کارروائی کے دوران 11 افراد گرفتار کرلیے جن میں پاسپورٹ آفس کے افسر و اہلکار، سکیورٹی گارڈز، پولیس کانسٹیبل اور نجی ایجنٹس شامل ہیں ،3 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹس کو بھی حراست میں لیا گیا، ملازمین مبینہ طور پر نجی ایجنٹس کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث تھے،پاسپورٹ درخواست گزاروں سے مبینہ طور پر غیر قانونی رقوم اور رشوت وصول کی جاتی تھی۔علاوہ ازیں ایف آئی اے لاہور زون کے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے شالیمار ٹائون میں اشتہاری سعید ہمایوں کو گرفتار کر لیا ، سعید ہمایوں کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔