محسن نقوی کا نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا دورہ‘شکایات پر برہم

نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک کا دفتر تزئین و آرائش کی وجہ سے بند تھا‘شہریوں کی  قطاریں لگی ہوئی تھیں‘شاہدرہ آفس میں فائلوں کے ڈھیر تھے
جب ہر سنٹر پر  پاسپورٹ اورشناختی کارڈ بنوانے کی سہولت موجود ہے تو شہریوں کو دوسرے سنٹر جانے کا کہنا ناقابل قبول ہے:وزیرداخلہ

لاہور(عدنان ملک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا‘  شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات اور پاسپورٹ بنوانے کے عمل کا جائزہ لیا‘نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک کا دفتر تزئین و آرائش کی وجہ سے بند تھا‘ دو موبائل وین موجود اور انٹرنیٹ ڈائون تھا‘شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں‘نادرا کے عملے نے وجہ سسٹم کا ڈاؤن ہونا بتایا‘شہریوں نے شکایت کی ہیلپ لائن پر بھی صحیح طرح رہنمائی نہیں مل رہی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڈ بنوانے کے لئے آئے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں‘انٹرنیٹ کا مسلہ حل کرنے کی ہدایت کی ‘انہوں نے کہا جب ہر سنٹر سے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت موجود ہے تو شہریوں کو دوسرے سنٹر جانے کا کہنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے  کوٹ عبدالمالک کے سنٹر کو جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی‘محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس شاہدرہ میں شہریوں کے مسائل سنے۔ پاسپورٹ بنوانے کے عمل کے بارے پوچھا۔ شہریوں نے  پاسپورٹ ڈلیوری میں تاخیر کے بارے شکایات کیں‘ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں فائلیں اور کاغذات دیکھ کر برہمی کا اظہارکیا‘انہوں نے کہاتمام ریکارڈ کو فوری طور پر آن لائن کیا جائے۔ انہوں نے پاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنانے کا حکم دیا‘انہوں نے کہا شہری کسی بھی پاسپورٹ سنٹر سے پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں۔ ایک سنٹر سے دوسرے سنٹر کے چکر لگوانا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاجن بچوں کے والدبیرون ملک مقیم ہیں ان  کے پاسپورٹ بنوانے کے لئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔