راولپنڈی(آن لائن) جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ترک مسلح افواج کا 104واں یومِ فتح پروقار تقریب کے ساتھ منایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں ترکی کے سفیر عرفان نذیر اوغلو تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ تقریب میں پاک فوج کے سینئر فوجی افسران، ترکی کے سفارتی حکام اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان لازوال اور قریبی تعلقات کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل حمایت پر مبنی ہیں۔شرکا نے ترک مسلح افواج کی شجاعت، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ترکی کی دفاعی تاریخ اور قومی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔