جی ایچ کیو : فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب، گارڈ آف آنر بیج لگانے کی تقریب ملتوی

 فیلڈ مارشل نے  یادگار شہدا ء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ‘تقریب میں اعلی فوجی حکام کی شرکت
یہ اعزاز قوم اور پاک افواج کے ان بہادر سپوتوں کے نام ہے جو فولاد کی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے سینہ سپر رہے: فیلڈ مارشل
راولپنڈی(آئی ای نپی )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جنرل ہیڈکوارٹر(جی ایچ کیو ) میں  یادگارشہدا پر ایک پروقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔فیلڈ مارشل نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اپنے اعزاز کو پوری قوم، مسلح افواج، شہدا اور سابق فوجیوں کے نام کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ اعزاز قوم اور پاک افواج کے ان بہادر سپوتوں کے نام ہے جو فولاد کی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے سینہ سپر رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے ان محافظوں کے عزم، قربانی اور ایثار کی یاد دلاتا ہے جو مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے۔ خصوصی تقریب میں اعلی فوجی حکام اور افسران نے شرکت کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان کی قیادت اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثناء  فیلڈمارشل عاصم منیر کے اعزاز میں  بدھ کو ایوان صدر میںہونے والی تقریب ملتوی  کر دی گئی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کی مصروفیات کی وجہ سے تقریب ملتوی کی گئی ،تقریب کا دن اور وقت بعد میں طے کیا جائے گا