متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم

لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو شدید پریشان کر دیا۔ مختلف تھانوں کی حدود میں ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے نقدی، زیورات، موبائل فونز، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں لوٹ لیں۔ ذرائع کے مطابق نواب ٹاؤن میں رمیز سے ایک لاکھ پینسٹھ ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ مغلپورہ میں اسفند یار کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے اور موبائل فون سے محروم کر دیا گیا۔ گوالمنڈی میں یعقوب سے ایک لاکھ پینتالیس ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ ہربنس پورہ میں حارث سے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ اسی طرح ڈیفنس میں خورشید کو ایک لاکھ پچیس ہزار روپے اور موبائل فون سے محروم کر دیا گیا۔ دوسری جانب لوہاری اور لیاقت آباد کے علاقوں سے گاڑیاں جبکہ شیراکوٹ، اچھرہ اور گرین ٹاؤن سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی وارداتوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور پولیس کی گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔ متاثرہ افراد نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔