محکمۂ ماحولیات پنجاب نے اسموگ سیزن کے دوران گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں کی لاہور میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ کی جانب سے ایمیشن ٹیسٹنگ کی ڈیڈ لائن 31 اگست کے بعد کارروائی کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ڈی جی ماحولیات کے مطابق، پہلے مرحلے میں 2010ء تا 2015ء ماڈل گاڑیوں کو وارننگ سلِپس جاری کیے گئے ہیں، جو ای چالان کے ساتھ بذریعہ پوسٹ بھیجے جا رہے ہیں۔وارننگ کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ کے ترجمان کے مطابق، اب تک 3 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو گرین اسٹیکر لگایا جا چکا ہے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔