قدرتی مساکن کی بحالی، جنگلی حیات کی آبادکاری اور ایکو ٹورازم پر کام کیا جائے گا
لاہور (آئی این پی) پنجاب حکومت نے جنگلی حیات کے تحفظ اور ایکو ٹورزم کے فروغ کے لیے مجموعی طور پر 9.4 ارب روپے کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ان منصوبوں کا دائرہ کار جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، چھانگا مانگا، لال سہانرہ بہاولپور، صحرائے چولستان اور ڈی جی خان میں کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقے ہیں۔ پہلا منصوبہ پنجاب وائلڈ لائف کنزرویشن اینڈ ہیبی ٹیٹ ریسٹوریشن پروگرام ہے، جس کی لاگت 3.9 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت جنگلی حیات کی کم ہوتی آبادی کو مستحکم کرنے، مساکن کی بحالی اور مقامی کمیونٹی کو تحفظ کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔سالٹ رینج کالا چٹا رینج اور کوہِ سلیمان میں کمیونٹی بیسڈ کنزرویسیز قائم کی جائیں گی جبکہ اڑیال، چنکارہ اور سلیمان مارخور کی آبادی میں اضافے کے لیے بریڈنگ اور ری انٹروڈکشن کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اسی طرح اسی منصوبے میں تیتر کی افزائش نسل کے لیئے بریڈنگ سنٹر اور کمیونٹی بیسڈ کنزروینسیز بھی ان علاقوں میں بنائی جائیں گی جبکہ پاڑہ، سانبھر، چیتل ہرنوں اور نیل گائے ، کالا ہرن اور چنکارہ کی افزائشِ نسل و دوبارہ آبادکاری بھی اسی منصوبہ میں متعلقہ علاقوں میں شامل ہے