ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے بانی رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، مدبرانہ قیادت اور بے مثال قربانیوں سے نہ صرف کشمیری عوام کی آواز کو زندہ رکھا بلکہ اسے دنیا کے ایوانوں تک پہنچایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ گیلانی مرحوم کی جدوجہد کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ایک دائمی علامت ہے اور ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان سے لازوال محبت ہمارے لیے باعث فخر ہے اور یہ کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان روحانی اور دلی تعلق کی روشن مثال ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیلانی کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے" آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں گونج رہا ہے اور قابض قوتوں کے دل و دماغ پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور سید علی گیلانی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔