پاکستان کرکٹ کے عظیم بیٹسمین حنیف محمد کی برسی کے موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ان کی شاندار خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ حنیف محمد نہ صرف ایک عظیم بیٹسمین تھے بلکہ ایک شاندار شخصیت کے مالک بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ حنیف محمد کی ٹرپل سنچری کا تاریخی ریکارڈ آج بھی شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں تازہ ہے اور یہ کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین ان کی عمدہ بلے بازی اور غیر معمولی تکنیک کے مداح تھے۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ حنیف محمد نے کرکٹ میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ ایسے باصلاحیت اور ثابت قدم بلے باز صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان کی فنی مہارت، صبر اور عزم نئی نسل کے کرکٹرز کے لیے ایک مثال ہے۔محسن نقوی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ہیروز کی خدمات کا ہمیشہ اعتراف کرتا رہے گا اور حنیف محمد جیسے لیجنڈری کرکٹر کی یاد اور ان کے کارنامے ہمیشہ زندہ رکھے جائیں گے۔