چین: سمندری طوفان ’ریگاسا‘، 10 شہروں میں اسکول و کاروبار بند، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

چین: سمندری طوفان ’ریگاسا‘، 10 شہروں میں اسکول و کاروبار بند، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

بیجنگ: چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ میں تباہ کن سمندری طوفان "ریگاسا" کے خطرے کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

حکام نے فوری طور پر 10 شہروں میں تعلیمی ادارے، دفاتر اور کاروباری سرگرمیاں بند کر دیں جبکہ صنعتی مرکز شینزین سے 4 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمہ ایمرجنسی کے مطابق شدید بارش، تیز ہواؤں، بلند لہروں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صرف ریسکیو ٹیمیں اور لازمی خدمات فراہم کرنے والے اہلکار ہی باہر نکل سکیں گے، باقی شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔گوانگ ڈونگ کے متاثرہ شہروں میں چاؤژو، ژوہائی، ڈونگ گوان اور فوشان بھی شامل ہیں۔ فوشان کے ایمرجنسی ہیڈکوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کی شدت سے شہر میں سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ہانگ کانگ کے موسمیاتی ادارے کے مطابق طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہانگ کانگ نے بھی بدھ کی شب سے مکمل بندش کا اعلان کرتے ہوئے بیشتر پروازیں جمعرات تک معطل کر دی ہیں، جس کے بعد شہریوں میں گھبراہٹ کے باعث اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ گوانگ ڈونگ سے اب تک 7 لاکھ 70 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 10 لاکھ افراد کی نقل مکانی متوقع ہے۔ طوفان کے باعث 700 سے زائد پروازیں منسوخ یا متاثر ہو چکی ہیں۔