پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی کیخلاف درخواستیں پھر پشاورہائی کورٹ میں دائر

پشاور ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو متعلقہ ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی
اسلام آباد(آن لائن)پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے صاحبزادہ حامد رضاودیگر کی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کیخلاف درخواستیں واپس کیے جانے پر اب یہ درخواستیں رواں ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرکیے جانے کاامکان ہے کیونکہ پشاور ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو متعلقہ ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔پشاور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن خان، رائے مرتضیٰ اقبال، رائے حیدر علی اور رائے انصار اقبال کی نااہلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی تھی۔جسٹس وقار احمد اور جسٹس محمد اعجاز خان پر مشتمل بینچ کے روبرو سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا تھاکہ درخواست گزار قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان ہیں، جنہیں انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد سے سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے 5 اگست کو نااہل قرار دیا تھا۔وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکلوں کو سزا غیر موجودگی میں سنائی گئی اور الیکشن کمیشن نے اپیلوں کا انتظار کیے بغیر راتوں رات نااہل قرار دے دیا۔ ایسے مقدمات میں محض سزا نااہلی کے لیے کافی نہیں ہوتی اور اس حوالے سے ماضی کے عدالتی فیصلے موجود ہیں