سینیٹ، کے پی، پنجاب، سندھ اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے رہے، بیرسٹر گوہر

ہمارے کسی سے مذاکرات نہیں ہورہے ،مذاکرات کے حامی ہیں لیکن انھوں نے دروازے بند کئے ہیں،گفتگو
پشاور(آئی این پی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے رہے ہیں، تاہم سینیٹ، کے پی، پنجاب اور سندھ اسمبلیوں سے فی الحال استعفے نہیں دے رہے ہیں، ہمارے کسی سے مذاکرات نہیں ہورہے۔ایک انٹرویو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے 25 ممبران مستعفی ہوئے، باقی پیر تک استعفی جمع کرادیں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کے فیصلے مشکل ہوتے ہیں، مذاکرات کے حامی ہیں لیکن انھوں نے دروازے بند کئے ہیں۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ 91 نشستوں میں بھی کئی ارکان نااہل کرکے 76 تک محدود کردیا گیا، ہمیں جلسے کرنے اور ریلی نکالنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔