چنئی: بھارتی اداکار وشال برہما کو چنئی ایئرپورٹ پر منشیات کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ وشال برہما، جو 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم Student of the Year 2 میں سائڈ رول ادا کر چکے ہیں، کے قبضے سے گزشتہ پیر کو تقریباً 40 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی۔اداکار آسام سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ سنگاپور سے فلائٹ AI 347 کے ذریعے چنئی واپس پہنچے تھے، جب انہیں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) نے میتھاکولون نامی منشیات کے ساتھ گرفتار کیا۔
رپورٹس کے مطابق وشال برہما کو نائجیریا کے ایک گینگ نے پیسے کے عوض منشیات سے بھرا ٹرالی بیگ لے جانے کی ہدایت کی تھی۔ حکام نے مزید بتایا کہ نائجیرین گینگ کے دیگر افراد کو پکڑنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔اس واقعے نے بھارتی فلمی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے، اور قانونی کارروائی کے بعد اداکار کے خلاف کیس درج کیا جائے گا۔