بھارتی ٹی وی اداکار آشیش کپور ریپ کے الزام میں گرفتار

بھارتی ٹی وی اداکار آشیش کپور ریپ کے الزام میں گرفتار

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار آشیش کپور کو نئی دہلی پولیس نے ایک خاتون سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گرفتاری بدھ کے روز عمل میں آئی۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اور آشیش کپور کی جان پہچان انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی تھی۔ بعد ازاں اداکار نے خاتون کو اپنے ایک دوست کے گھر پر ہونے والی پارٹی میں مدعو کیا، جہاں مبینہ طور پر یہ واقعہ پیش آیا۔ ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا کہ پارٹی کے دوران واش روم کے اندر آشیش کپور نے خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔ابتدائی طور پر خاتون نے ایف آئی آر میں آشیش کپور، ان کے دوست، دوست کی بیوی اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا تھا۔ تاہم بعد میں بیان تبدیل کرتے ہوئے خاتون نے الزام صرف آشیش کپور پر لگایا۔ متاثرہ خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی، لیکن پولیس کو اب تک کوئی ایسی فوٹیج دستیاب نہیں ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق سامنے آنے پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔