کراچی کے مسائل حل کیے بغیر وزیراعظم کے لالی پاپز ناکافی، مرتضیٰ وہاب

کراچی کے مسائل حل کیے بغیر وزیراعظم کے لالی پاپز ناکافی، مرتضیٰ وہاب

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پنجاب کے معاملے پر کچھ بھی کہوں تو مریم نواز ناراض ہو جائیں گی، لیکن کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرنا ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مریم بی بی نے پانی کے مسئلے، کینال اور موٹروے پر تو بات کی، پنجاب میں موٹروے بن گئی لیکن کراچی میں موٹروے تک نہیں بن پائی۔میئر نے واضح کیا کہ کراچی کے لیے 20 ارب روپے کا پیکیج ناکافی ہے، اور اگر وزیراعظم کراچی کے لیے 200 ارب روپے بھی خرچ کریں تو وہ بھی ناکافی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بارے میں فیصلہ وہ لوگ نہ کریں جنہیں اس کا حال نہ ہو۔ انہوں نے اپنا اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا فرق بھی واضح کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب سیلاب سے زیادہ متاثر ہوا، اس لیے عوام کی تکالیف دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کے آئی ایچ ڈی میں دو ماہ کے اندر مفت لیبارٹری ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنر نے اسپتالوں کو سندھ حکومت کے پاس جانے نہیں دیا، لیکن اب یہ سہولت عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کراچی میں پی آئی ڈی سی ایل کمپنی کے کردار پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ کمپنی کا سربراہ کون ہے، کسی کو معلوم نہیں۔ پہلے کے آئی ڈی سی ایل سے ایس آئی ڈی سی ایل اور اب پی آئی ڈی سی ایل بن گئی ہے، لیکن یہ لاہور اور پشاور میں کام نہیں کر رہی تو کراچی میں کیوں کرے گی؟میئر نے زور دیا کہ کراچی کے عوام کے لیے الیکٹرک بسیں نہیں بلکہ بنیادی سہولیات اور ترقیاتی حقوق ملنے چاہیے۔ موجودہ حالات میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، بیانات دینے سے زیادہ کام کرنا ضروری ہے۔