کراچی میں میئر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے ناگن چورنگی صدیق اکبر روڈ پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور اس موقع پر جماعت اسلامی پر سخت تنقید کی۔
میئر کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو خواب تو دکھائے، مگر ان خوابوں کی تعبیر دینے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام علاقے میں موجود ہیں، جہاں سڑکوں کی حالت زار خود عوام کے سامنے ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ علاقہ پیپلز پارٹی کا نہیں بلکہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، مگر یہاں عوامی خدمت کے بجائے صرف احتجاج اور نعرے بازی کی سیاست کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی بلا امتیاز عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق شہر کے ہر ضلع اور ٹاؤن میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی (KMC) کے ماتحت 106 شاہراہوں کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ عوامی خدمت کے لیے سرگرم ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ نیو کراچی سمیت تمام علاقے کراچی کے شہریوں کے ہیں، کسی جماعت کی ملکیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صرف احتجاج اور بینرز پر وقت ضائع کر رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں ایک لاکھ 65 ہزار اسکوائر فٹ روڈ کارپیٹنگ، ساڑھے تین لاکھ مشین کارپیٹنگ اور پور بلاک لگانے کا کام جاری ہے۔مزید بتایا کہ حافظ نعیم الرحمن کی یونین کونسل میں بھی دو لاکھ 35 ہزار اسکوائر فٹ سڑک اور 1.1 کلومیٹر نالے کی تعمیر کی جا رہی ہے۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 28 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ “تفریق، تعصب اور تنقید کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، کیونکہ کراچی کے عوام کو خدمت چاہیے، نعرے نہیں۔”میئر نے مزید بتایا کہ منگھوپیر سے نیو کراچی کو ملانے والی سڑک کی ازسرِ نو تعمیر جاری ہے، جبکہ ڈاڈیکس روڈ کے لیے ٹینڈر جمعے کو جاری کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ فور کے چورنگی پر دو نئے فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔