ٹریفک حادثات، 9افراد جاں بحق

 کار اور ٹرک میں تصادم سے کراچی کے رہائشی5افراد موقع پر دم توڑگئے 
 ٹرک کی ٹکر سے بہن بھائی چل بسے ویگو ڈالہ کی ٹکر سے 2افراد جان ہارگئے 
کوئٹہ ،شیخوپورہ، اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ)بلوچستان کے ضلع سوراب ،شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں تین ٹریفک حادثوں میں 9افراد جاں بحق ، 7زخمی ہوگئے۔ سوراب کے علاقہ نغاڑ میں قومی شاہراہ این 25 پر پھلوں سے لدے ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کار سوار 5 افراد موقع پر ہی د م توڑ گئے۔ حادثے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ ٹرک سے پھل زمین پر جاگرے۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر کے وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ادھر شیخوپورہ کے قصبہ فیروزوٹواں سٹاپ کے قریب تیزرفتار منی ٹرک نے موٹرسائیکل کوٹکرماردی جس کے نتیجہ میں دوکمسن بہن بھائی جاں بحق،ماں باپ شدیدزخمی ہوگئے، گوالمنڈی لاہورکارہائشی عبدالرحمن اپنی فیملی کے ہمراہ لاہورواپس جارہاتھا کہ حادثے میں 6 سالہ محمدسبحان اور 10 سالہ عروج فاطمہ موقع پر دم توڑگئے جبکہ باپ عبدالرحمن اورماں اقراربی بی شدیدزخمی ہوئے۔ادھر اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ الجہاد چیک پوسٹ کے قریب تیز رفتار ویگو ڈالہ کی موٹر سائیکل رکشہ اور سائیکل سوار کو ٹکر کے باعث سائیکل سوار اور رکشہ میں سوار2 افراد جاں بحق ،5شدید زخمی ہو گئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہ ہو سکی۔