بالائی علاقوں میں شدید برفباری،مری میں20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا چترال میں تودہ گرگیا‘9افراد جاں بحق

 کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ،زیارت جانے والے سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں کوئٹہ زیارت شاہراہ پر پھنس گئیں، چمن کے  گردونواح میں بھی قطاریں
وادی تیراہ میں بارش اور شدید برفباری، 100 کے قریب گاڑیاںپھنس گئیں، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں‘بالائی علاقوں میں تیز بارش اور شدید برفباری  کا امکان
اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ،کراچی (آئی این پی )ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، کئی مقامات پر  رابطہ سڑکیں بند ہونے سے سیاح پھنس گئے،  چترال کے علاقے سریگال دمیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے کے نیچے دب گئے جن میں سے 9 جاں بحق ہوگئے‘، حادثے میں ایک بچہ ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا ۔بلوچستان کے شمال بالائی علاقوں میں برفانی طوفان کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔زیارت جانے والے سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں کوئٹہ زیارت شاہراہ پر پھنس گئیں، چمن کے  گردونواح میں 100 سے زائد سیاح گاڑیوں میں موجود ہیں۔این 50 شاہراہ کان مہترزئی، خانوزئی، مسلم باغ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے، شاہراہ پر برف اور پھسلن سے بین الصوبائی شاہراہ پر مسافر اور  مال بردارگاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ این 50 پر 9 مختلف حادثات میں27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔کوژک ٹاپ کے مقام پر شدید سائیبرین ہوائیں چلنے سے این 25 چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ پر درجہ حرارت منفی 12 تک گر گیا۔شیلاباغ کے قریب پھسلن سے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔  ادھر میانوالی تحصیل پپلاں میں بارش کے باعث مرغی خانے کی چھت گرنے سے سترہ سال کا عبدالرحمن نامی لڑکا جاں بحق،  جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔مری میں شدید اور طوفانی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ مری میں 2 سے 3 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے۔محکمہ موسمیات نے آ ئندہ245گھنٹوں کے دوران  ملک کے بالائی علاقوں میں تیز بارش اور شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشے کا اظہار کیا ہے چترال کے علاقے سریگال دمیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے کے نیچے دب گئے جن میں سے 9 جاں بحق ہوگئے‘، حادثے میں ایک بچہ ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔