رحیم یارخان (خصوصی رپورٹ)نجی فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی، دم گھٹنے کے باعث 55 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز گل محمد لنگاہ ہائی سکول میں متاثرین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جہاں مرد و خواتین راشن لینے کے دوران آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔ اسی دوران بھگدڑ مچنے کے باعث بیٹ ظاہر پیر کی رہائشی 55 سالہ زیبو مائی زمین پر گر پڑی اور دم گھٹنے کے نتیجہ میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی نعش تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کردی۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ آئندہ راشن کی تقسیم کے عمل کو منظم اور محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔