ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام کیسز میں فرد جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔سماعت کے دوران ملزمان کی حاضری لگائی گئی اور جنہیں چالان کی نقول نہیں ملی تھیں، ان میں چالان کی نقول عدالت کی جانب سے تقسیم کی گئی ہیں۔سانحہ 9 مئی سے متعلق کیسز میں متعدد اہم نوعیت کے جرائم شامل ہیں، جن میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، حساس بلڈنگ کو جلانے اور میٹرو اسٹیشن کو آگ لگانے کے کیسز شامل ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو تحریک چل رہی ہے، ارباب اختیار کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک حساس مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ ضروری ہے، آزاد کشمیر پاکستان کی سیاست کا محور ہے اور اس پر توجہ دینا ہوگی۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ نو مئی کیسز بنے جب میں پاکستان میں موجود نہیں تھا، حاضری جاری ہے، گواہ اور شہادتیں پیش ہوں گی، پھر پتا چلے گا کہ صورتحال کیا بنتی ہے۔