ریکوڈک معاہدے میں بلوچستان کو زیادہ حصہ دیا گیا، صدارتی ریفرنس شفافیت کی ضمانت ہے، پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم، دنیا ہمیں بلا رہی ہے
سعودی عرب سے معاہدہ پاکستان کے لئے عزت و افتخار کا باعث ہے،بھارت کی جارحیت کے بعد مؤثر جواب دیا، دنیا نے پاکستان کا مؤقف تسلیم کیا
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) آج بھی 18ویں ترمیم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے اور اس پر مکمل عمل درآمد کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں عالمی سطح پر جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔ایوانِ بالا میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اے این پی کے رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور مسلم لیگ (ن) بھی جمہوریت کے استحکام کے لیے ہمیشہ پرعزم رہی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے میں سپریم کورٹ کی مداخلت کی وجہ سے پاکستان کو 8 ارب ڈالر تک کا جرمانہ برداشت کرنا پڑا، تاہم نئے معاہدے میں بلوچستان کو زیادہ حصہ دیا گیا ہے اور شفافیت کے لیے صدارتی ریفرنس بھی دائر کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ معدنیات صوبوں کی ملکیت ہیں اور وفاق صرف سرمایہ کاری کے عمل میں کردار ادا کرتا ہے۔این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 160 کے تحت صوبوں سے نامزدگیاں طلب کی گئی ہیں، اور تقسیم کا فارمولہ مشاورت سے طے ہوگا، ووٹوں سے نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سب جماعتوں کو اپنے گریبان میں جھانک کر حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا۔سعودی عرب سے حالیہ معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی ہے اور اب پاکستانی عوام کا نام حرمین شریفین کے محافظین کے طور پر لکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے نتیجے میں پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہو چکی ہے اور دنیا کے کئی ممالک پاکستان سے تعاون کے خواہاں ہیں۔انہوں نے تجویز دی وزیر اعظم سال میں کم از کم ایک مرتبہ سینیٹ میں آ کر سوالات کے جوابات دیں تاکہ پارلیمانی روایات مزید مضبوط ہوں۔