آرمی چیف کی مدت ملازمت کو نومبر 2027 تک قانونی تحفظ حاصل ہے، نئی ترمیم کے بعد اکٹھی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئے گا‘یہ میرے اور آپ کیلئے پریشانی کی بات نہیں:اعظم نذیر تارڑ

چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن  جلدجاری ہوجائیگا   وزیر قانون
 آج کل لگتا ہے میڈیا کے پاس کوئی خبر ہی نہیں ہے‘وزیراعظم ملک میں نہیں ہیں، وزیر اعظم آجائیں گے تو سب کچھ ہوجائے گا ‘ممکن ہے فائل ورک ہوچکا ہو: اعظم نذیر تارڑ کی نجی ٹی وی سے گفتگو
کوئی قوم اپنی آدھی آبادی کو گھر بٹھا کر ترقی نہیں کر سکتی، خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع دینے کے لئے ہمیں  اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے :وفاقی وزیرقانون کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ  ڈیسک‘آن لائن)وزیر قانونی اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے   چیف آف دی ڈیفنس فورسز کے عہدے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری ہوجائے گا میرے اور آپ کے لیے پریشانی کی بات نہیں ہے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا  یہ سرکاری پراسس کا حصہ ہے، وزیراعظم ملک میں نہیں ہیں، وزیر اعظم آجائیں گے تو سب کچھ ہوجانا چاہیے، ہوسکتا ہے فائل ورک ہوچکا ہو۔وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ وزارت دفاع کو وزیراعظم ہاس سے کوآرڈی نیشن کے بعد نوٹی فکیشن جاری کرنا ہے۔انہوں نے کہا  آج کل لگتا ہے میڈیا کے پاس کوئی خبر ہی نہیں ہے،  آرمی چیف کی مدت ملازمت کو نومبر 2027 تک قانونی تحفظ حاصل ہے، نئی ترمیم کے بعد اکٹھی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئے گا۔دریں اثناء اسلام آباد میں تصویری نمائش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کوئی قوم اپنی آدھی آبادی کو گھر بیٹھا کر ترقی نہیں کر سکتی ، ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع مل سکیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی مثال دیتے ہوئے کہا  وہاں خواتین کے حقوق میں بہتری کی کوششوں سے سبق حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سماجی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ایسے قوانین کی ضرورت ہے جو خواتین کے حقوق کا تحفظ کریں اور قانون کی خلاف ورزی پر مناسب سزا کا بندوبست ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے دامن میں جھانک کر اپنے رویوں اور سوچ میں تبدیلی لانی ہوگی تاکہ ہم اپنے گھروں میں بیٹھی ماؤں اور بہنوں کے لئے وہ عزت اور احترام فراہم کر سکیں جو ان کا حق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی فرمایا تھا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک مرد اور عورت ایک ساتھ کام نہ کریں۔