مشکل حالات میں سیاسی قیادت کو قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر ڈالا جا سکے
جامع مکالمہ اور اجتماعی کاوشیں نہ صرف جمہوریت کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھی ضروری ہیں: سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) قائم مقام صدرِ مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے ایوانِ صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، خطے اور عالمی حالات کے علاوہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی و بحالی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے مابین رابطے اور تعاون ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جامع مکالمہ اور اجتماعی کاوشیں نہ صرف جمہوریت کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سیاسی قیادت کو قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر ڈالا جا سکے۔