اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی قومی اتفاقِ رائے کی علامت ہے، جو وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات روایتی سفارتی روابط سے آگے بڑھ کر باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی جامع شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید آگے بڑھانے اور سیاسی، پارلیمانی و ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ سیمینار میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ، پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلے باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔