یوسف رضا گیلانی کی مخدوم ہاؤس آمد ‘اہم سیاسی رہنما پی پی میں شامل

سابق گورنر  مخدوم سید احمد محمود نے چیئرمین سینیٹ کوظہرانہ دیا‘ آصف زرداری کے دورہ  جنوبی پنجاب  کی تیاریوں پر غور
 پیپلز پارٹی بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی :دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں فیصلہ

لاہور(خصوصی رپو رٹر)ملک میں تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے کے تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین سینیٹ پاکستان اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مخدوم سید یوسف رضا گیلانی نے مخدوم ہاؤس لاہور کا خصوصی دورہ کیا، جہاں پارٹی کے جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔اس اہم موقع پر سابق وفاقی وزیر و ایم این اے مخدوم مرتضیٰ محمود، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، ضیغم گیلانی، چوہدری محمد خان لاہوری (سابق ناظم)، چوہدری خوشحال خان کولار (چیئرمین عوام دوست اتحاد) اور سردار ملک جنید اسلم نائچ سمیت کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔تقریب میں اہم سیاسی رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پارٹی قیادت پر عوام اور سیاسی حلقوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں دیگر سیاسی جماعتیں داخلی خلفشار، تضادات اور بیانیے کے بحران کا شکار ہیں، وہاں پیپلز پارٹی ایک متوازن، ذمہ دار اور جمہوری قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ملاقات میں صدر  آصف علی زرداری کے متوقع دورہ جنوبی پنجاب کے سلسلے میں تیاریاں زیر غور آئیں۔ مخدوم احمد محمود نے ہدایت کی کہ کارکنان کی فہرستیں جلد مرتب کی جائیں تاکہ صدر پاکستان کی قیادت میں تنظیمی قوت، عوامی وابستگی اور پارٹی کے وڑن کو اجاگر کیا جا سکے۔ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ طے پایا  پیپلز پارٹی بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی اور نچلی سطح پر عوام کو نمائندگی دے کر پارٹی کی جڑوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔