خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ‘مسلم خواتین نے ہر دور میں تعلیم، سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا :چیئرمین سینیٹ
پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے:وفاقی وزیر قانون ‘ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی ترقی نہیں پوری قوم کی ترقی ہے:مریم نواز
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے خواتین کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ او آئی سی وزرا کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جبکہ مسلم خواتین نے ہر دور میں تعلیم، سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا بطور چیئرمین سینیٹ میں نے خواتین کی ہراسگی کے خلاف خصوصی اقدامات کیے جبکہ خواتین اور اقلیتیں میری ترجیح تھیں اور رہیں گی۔وفاقی وزیر قانون اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا خواتین کی ترقی ،مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ،لاکھوں خواتین اوربچیاں آج بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کاسامنا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا معاشی اور سیاسی بااختیار ہونا پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے ، مسلم خواتین نے علم، قیادت، کاروبار اورعوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا‘وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی ترقی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی ہے، حکومت پاکستان خواتین کے لیے محفوظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور مہمان نوازی اس کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی مالی شمولیت اور انہیں کاروباری مواقع کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، طالبات کے لیے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ انہیں جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا سکے۔