شوبز خواتین کو چاہیے کہ طلاق کو فروغ نہ دیں، روبی انعم

شوبز خواتین کو چاہیے کہ طلاق کو فروغ نہ دیں، روبی انعم

پاکستانی تھیٹر اداکارہ روبی انعم نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی اور معاشرتی مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی ان کی والدہ کی دعاؤں کی بدولت کامیاب ہوئی، ورنہ انہیں کبھی یقین نہیں تھا کہ شادی ہونی چاہیے۔ انعم کا کہنا ہے کہ جب وہ بیمار ہوئیں تو احساس ہوا کہ اللہ نے انہیں کتنا بڑا تحفہ دیا ہے، جو پہلے ان کے لیے واضح نہیں تھا۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران معاشرتی رویوں، طلاق اور شوبز کی خواتین کے رویوں پر بھی بات کی۔ روبی انعم نے شوبز خواتین کو نصیحت کی کہ وہ طلاق کو فروغ نہ دیں اور شادی کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا پر طلاق کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جو کہ ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف ہے۔روبی انعم کا مزید کہنا تھا کہ ایسے خواتین کے رویوں سے وہ بہت پریشان ہیں جو طلاق کو فخریہ طور پر بیان کرتی ہیں، حالانکہ ہماری روایات اور مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے اپنی ماں سے سیکھا کہ زندگی میں برداشت اور صبر ضروری ہے، اور اگر شادی میں مسائل ہوں تو ان کا حل تلاش کرنا چاہیے، نہ کہ اسے ختم کرنا۔

انہوں نے اپنی ماں کی نصیحت کا بھی ذکر کیا کہ شادی سے پہلے اس بات کا جائزہ لیں کہ کیا آپ واقعی شادی کے لیے تیار ہیں۔ انعم کا کہنا ہے کہ اگر شادی شدہ زندگی میں مسائل آئیں تو ان کا سامنا کریں اور حل تلاش کریں، شادی کو ختم کرنے کی بجائے۔اس انٹرویو کا مختصر کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا بھی کیا، جہاں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ عورت کو طلاق کا حق اسلام نے دیا ہے، اور دیگر مذاہب میں بھی ایسا ہی ہے۔ کچھ نے کہا کہ عورت کو اپنے گھر والوں کے ساتھ رہنا چاہیے اور شادی ختم کرنا غلط بات ہے۔