پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ مایا خان نے طلاق یافتہ خواتین کے نام ایک خصوصی اور حوصلہ افزا پیغام شیئر کرتے ہوئے انہیں ماضی کی تلخ یادوں سے نکل کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔
انسٹاگرام پر 13 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی مایا خان، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے کلاسک ڈرامے "ایک محبت سو افسانے" سے کیا، حالیہ برسوں میں "مئی ری" اور "کبھی میں کبھی تم" میں اپنی اداکاری سے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کر چکی ہیں۔مایا خان، جو خود ماضی میں ایک ناکام شادی اور طلاق کے تجربے سے گزر چکی ہیں، نے ایک ویڈیو پیغام میں ان خواتین کو مخاطب کیا جو اپنی زندگی کے فیصلوں پر خود کو مسلسل موردِ الزام ٹھہراتی ہیں۔انہوں نے کہا، "خود کو سزا دینا بند کر دیں۔ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن ایک غلط فیصلہ ہماری پوری شخصیت کی تعریف نہیں کرتا۔ ہم سب زندگی میں سیکھتے ہیں، غلطیاں کرتے ہیں اور انہی سے مضبوط بنتے ہیں۔"
مایا خان نے مزید کہا کہ بعض اوقات ایک غلط شخص یا غلط فیصلہ انسان کو اندر سے توڑ دیتا ہے، مگر یہی تجربات مستقبل میں قیمتی سبق ثابت ہوتے ہیں اور انسان کو پہلے سے زیادہ سمجھدار بنا دیتے ہیں۔اداکارہ نے طلاق یافتہ خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو کوسنے کے بجائے ماضی سے سبق سیکھیں اور انہی تجربات کی بنیاد پر اپنی زندگی کے اگلے باب کو اعتماد اور امید کے ساتھ بہتر انداز میں تعمیر کریں۔