ناقص کارکردگی پر متعدد تفتیشی انچارجز کو وارننگ

 غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا: ایس ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تمام انچارج انویسٹی گیشنز اور ریڈر حضرات نے شرکت کی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے میٹنگ کے دوران پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیر التواء کیسز کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروائے جائیں۔ناقص کارکردگی کے باعث متعدد انچارجز کو وارننگ دیتے ہوئے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی۔ ایس ایس پی محمد نوید نے واضح ہدایات دیں کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے مقدمات میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگاروں کو سخت سزا دلوانا پولیس کا فرض ہے ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے مزید کہا کہ افسران اپنے متعلقہ تھانوں کا ریکارڈ پولکام کے مطابق اپ ڈیٹ رکھیں، جبکہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات، مشکلات اور ان کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں اور مظلوم کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔