پشاور کے علاقے میراکچھوڑی مہرگل کلے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پہنچی، جہاں ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چاروں ڈاکو مارے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان 2003 سے پولیس کی وردی میں وارداتیں کرتے آ رہے تھے۔ ان ڈاکوؤں نے حالیہ دنوں میں ڈاکٹر کے گھر سے کروڑوں روپے اور زیورات لوٹے تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور، مسعود احمد بنگش کے مطابق، ہلاک شدگان کی شناخت ہو گئی ہے، جن میں سے 3 کا تعلق افغانستان سے ہے۔
مسعود احمد بنگش نے بتایا کہ یہ ڈاکو پشاور، راولپنڈی، نوشہرہ اور دیگر اضلاع کی پولیس کے لیے انتہائی مطلوب تھے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں دو بڑی وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے مقابلے میں سے کلاشنکوف، رائفل، 2 پستول اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی ہیں۔