فضائی آلودگی کے باعث لاہور میں حد نگاہ شدید متاثر، مختلف علاقوں میں آلودگی 750 سے تجاوز کر گئی
لاہور (سپیشل رپورٹر) باغوں کا شہر لاہور فضائی آلودگی کے شدید نرغے میں آ گیا ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور نے پہلے نمبر کا مقام حاصل کر لیا ہے اور شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 483 ریکارڈ کی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے باعث شہر میں صبح سویرے حد نگاہ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 750 سے بھی تجاوز کر گئی۔ سی ای آر پی آفس کے اطراف آلودگی 764، اقبال ٹاؤن میں 692، پاور زون ہیڈ آفس میں 626، ماڈل ٹاؤن میں 607، شادمان میں 597، اور سول سیکرٹریٹ میں 596 ریکارڈ کی گئی۔ماہرین ماحولیات نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور باہر نکلتے وقت لازمی طور پر ماسک پہنیں تاکہ سانس کی بیماریوں اور دیگر منفی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے