فضائی آلودگی،لاہور کا دوسرانمبر، ایئر کوالٹی انڈیکس 479ریکارڈ، ہائی کورٹ نے آج ڈپٹی کمشنر کو طلب کرلیا

 سموگ : ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل کرنے کی تیاری 
لاہور ہائیکورٹ کاریسٹورنٹس کے اوقات کار نہ بدلنے پر اظہار ناراضگی ،مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 28 مقدمات درج، آج اور کل بارشوں کی پیشگوئی ، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں:ڈی جی پی ڈی ایم اے 
لاہور ( خصوصی رپورٹ)سموگ کی شدت میں کمی کیلئے ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل کئے جا رہے ہیں لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث ریسٹورنٹس کے اوقات کار کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے شہر میں بلا امتیاز دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔ عدالت نے ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل نہ کرنے پر اظہار ناراضگی کیا اور آج ڈی سی لاہور کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی کارروائی کسی کے خلاف نہیں بلکہ حکومت کی رہنمائی اور مددکیلئے ہے ،ہم سات سال سے سموگ پر کام کررہے ہیں۔فاضل جج نے ریمارکس میں مزید کہا کہ دوسروں پر الزام کی بجائے ہمیں اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہے، اینٹی سموگ گنز کا کیا فائدہ ہے؟۔ جس پر ڈی جی ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ گنز پورے شہر میں کام کررہی ہیں۔ عدالت نے بیکری کے باہر پرانا برگد کا درخت کاٹنے پر اظہار ناراضگی کیا اور ڈی جی پی ایچ اے کو بھی طلب کرلیا۔عدالت نے بڑھتی سموگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سموگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کارروائی آج 4 نومبر تک ملتوی کردی۔محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج اور کل بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 4 سے 5 نومبر کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال سمیت بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں واضح طور پر کمی واقع ہوگی جبکہ مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے،ممکنہ بارشوں سے سموگ میں کمی کے امکانات ہیں، شہری سموگ سے بچائو کیلئے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں ، کسان اپنی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں۔ دریں اثنا بھارت سے آنے والی ہوائوں سے پنجاب کی فضا بدستور آلودہ ہے ،پیر کے روزلاہورفضائی آلودگی کے اعتبار سے ملک میں دوسرے نمبر پر رہااور اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 479تک پہنچ گیا، لوئر مال 804، شادمان 790، گلبرگ 770، سول سیکرٹریٹ 756، ساندہ روڈ 745، ڈی ایچ اے 744اور شالیمار میں اے کیو آئی 585 ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ 762، فیصل آباد 359اور ملتان میں اے کیو آئی 304 کو چھو گیا۔پنجاب پولیس کی سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 28 مقدمات درج کیے گئے جبکہ قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 396 افراد کو 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے اور 23 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 37، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 231، صنعتی سرگرمیوں کی 5 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 19 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2069 مقدمات درج اور 1862 قانون شکن گرفتار کیے گئے۔ اس دوران 85 ہزار 216 افراد کو 21 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 779، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 51 ہزار 258، صنعتی سرگرمیوں کی 1694 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3284 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔