ڈنمارک کی سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، سرمایہ کاری اور تعلقات میں تعاون پر بات چیت

ڈنمارک کی سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، سرمایہ کاری اور تعلقات میں تعاون پر بات چیت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیرس مورٹینسن نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔  
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون، خاص طور پر سستی بجلی پیدا کرنے اور لائن لاسز کم کرنے کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں بھی کام کرنا چاہتی ہے، اور سندھ کے پاس اپنی ٹرانسمیشن کمپنی موجود ہے۔  ماحولیاتی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی، خاص طور پر ونڈ انرجی کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع سے آگاہ کیا، جبکہ ڈنمارک کی سفیر نے گرین انرجی کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔  
ساحلی ترقی کے حوالے سے کیٹی بندر کو مستقبل کا اہم معاشی مرکز قرار دیتے ہوئے، وزیراعلیٰ نے اسے جدید بندرگاہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سے کراچی کی بندرگاہوں پر دباؤ کم ہونے اور علاقائی تجارت کے فروغ کی توقع ہے، جس پر ڈنمارک کی سفیر نے بھی زور دیا۔  اس دوران، سندھ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ماحول سازگار ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے مواقع موجود ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے 75 سالہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔