دو رکنی موٹر سائیکل چور و رابری گینگ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) مصری شاہ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک موٹر سائیکل چور و رابری گینگ کو گرفتار کر لیا اور متعدد وارداتوں کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا جو شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان گلی محلوں اور بازاروں میں شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور موبائل فون چوری کی وارداتوں میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ ملزمان چوری شدہ سامان فروخت کر کے رقم آپس میں تقسیم کرتے تھے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔