بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز، 500 سے زائد افراد پہلے ہی گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور شہر بھر میں گداگری کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق اپریل کے دوران گداگری ایکٹ کے تحت 101 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 504 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ گرفتار افراد میں مرد، خواتین اور ایک سہولت کار شامل ہے جو اس منظم نیٹ ورک کی معاونت کر رہا تھا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ بھکاری مافیا اور اس کے سرپرست عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے بھیک منگوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر بھکاریوں کی بحالی بھی یقینی بنائی جائے۔