بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن

 معصوم بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا،سی ٹی او لاہور کے احکامات پر مختلف مقامات پر کارروائیاں 
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اینٹی بیگنگ اسکواڈ کو حکم دیا گیا تھا کہ شہر میں سرگرم پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے گروہوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے۔ اس حکم کے تحت ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ان بچوں کو تحویل میں لیا جو سڑکوں پر بھیک مانگنے پر مجبور تھے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ ان بچوں کو فوری طور پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور ایدھی ہومز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 6 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو، 3 کو ایدھی ہومز، جبکہ 2 بچوں کو ان کے والدین کے سپرد کیا گیا ہے اس شرط کے ساتھ کہ آئندہ وہ بھیک نہیں مانگیں گے۔ پیشہ ور گداگر ان معصوم بچوں کو نہ صرف بھیک منگوانے کے لیے استعمال کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات دیگر جرائم میں بھی ملوث کرتے ہیں، جس کے سدباب کے لیے پولیس بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔