شدید گرمی :ٹریفک وارڈنز میں چھتریاں تقسیم

لاہور (کرائم رپورٹر) شدید گرمی کے پیش نظر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک وارڈنز میں چھتریاں تقسیم کر دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز ہر موسم میں شہریوں کی سہولت کے لیے فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے فورس کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دورانِ ڈیوٹی وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور شدید گرمی میں لازمی طور پر چھتری کا استعمال کریں۔ سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ تمام اہلکار گرمی کی شدت کے پیش نظر اپنے ساتھ پانی کی بوتلیں رکھیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو تاکید کی کہ ڈیوٹی کے ساتھ اپنی صحت کو بھی ترجیح دیں تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔