ٹریفک جائے بھاڑ میں‘وارڈنز دھڑا دھڑ چالان کرنے میں مصروف‘لاہوریئے پریشان

کینال روڈ سمیت  اہم شاہراہوں پر گاڑیاں پھنسی  رہتی ہیں ، ٹھوکر نیاز بیگ سے مسلم ٹائون موڑ تک گاڑیوں کی طویل قطاریںلگ گئیں 
لاہور(آئی این پی )لاہور میں ٹریفک وارڈنز چالان کرنے میں مصروف  رہنے لگے جبکہ  شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شدید ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کینال روڈ سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر گاڑیاں بمپر ٹو بمپر پھنسی  رہتی ہیں ، جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے مسلم ٹائون موڑ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ  گئیں ۔مسلم ٹاون موڑ اور کیمپس پل کے اطراف بھی شدید ٹریفک دبا ئو کے باعث شہری خوار ہوگئے، ٹھوکر نیاز بیگ پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں اور متعدد مقامات پر ٹریفک تقریبا مفلوج ہو کر رہ گئی  ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید ٹریفک جام کے باوجود اہم شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے  وارڈنز کی موثر موجودگی دکھائی نہیں دے رہی، جبکہ پٹرولنگ اور نگرانی بھی نظر نہیں آ رہی۔دفاتر اور تعلیمی اداروں کو جانے والے شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے، جس کے باعث منٹوں کا سفر طویل انتظار میں تبدیل ہوگیا۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے ٹریفک نظام بہتر بنانے کی ہدایات کے باوجود اہم شاہراہوں پر ٹریفک مینجمنٹ کی صورتحال انتظامی دعوں پر سوالیہ نشان بن گئی ہے، کینال روڈ، مسلم ٹان موڑ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام نے ٹریفک انتظامات کی کارکردگی بھی عیاں کردی۔