شہری ٹریفک قوانین پر عمل کریں، رفتار محدود رکھیں اور محفوظ سفر یقینی بنائیں
لاہور (کرائم رپورٹر) شدید گرمی اور گرم ہواؤں کے باوجود لاہور ٹریفک پولیس کے وارڈنز شہر بھر میں اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سخت دھوپ اور موسمی حالات کے باوجود ٹریفک وارڈنز ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہے ہیں، جو ان کی فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات میں بھی ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔ سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خاص طور پر کمزور اور گھسے ہوئے ٹائروں والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ حدِ رفتار کی سختی سے پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون ہی محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کی ضمانت ہے۔