لاہور میں ٹریفک وارڈنز کے رویئے پر نظر رکھنے کیلئے باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ

 ٹریفک وارڈنز کو ہر چالان کی ویڈیوشہادت کے لئے کیمرے فراہم کئے جائیں گے جن میں نائٹ ویژن صلاحیت بھی ہوگی
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں ٹریفک وارڈنز کے رویے پر نظر رکھنے اورچالان کے ویڈیوبیسڈاجرا کے لئے 8ہزار باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک وارڈنز کیلئے ہر چالان کی ویڈیوشہادت کیلئے کیمرے فراہم کئے جائیں گے جن میں نائٹ ویژن صلاحیت بھی ہوگی تاکہ نائٹ شفٹ میں بھی ویڈیوز بن سکیں۔ابتدائی طور پر 3ہزار کیمروں کی خریداری مکمل کرلی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ کیمروں کی خریداری رواں مالی سال کے دوران مکمل کرلی جائیگی۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیرکے مطابق ہر چالان پر متعلقہ شہری کے نمبر پر کیوآر کوڈ کے ذریعے ویڈیو بھجوائی جائیگی،کیمروں سے وارڈنز اور شہریوں کے رویے کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی،ان جدید باڈی کیمروں میں آواز کی ریکارڈنگ کی بھی صلاحیت ہوگی۔  ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیرکے مطابق تمام کیمرے متعلقہ ضلعی کنٹرول رومز اور سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے،باڈی کیمروں کی فراہمی سے چالاننگ کا عمل شفاف اور وارڈنز کا رویے پر بہتر طریقے سے نظر رکھی جاسکے گی۔