14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو دی جائے گی‘کچے میں میں تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا
سکیورٹی کیلئے جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرون سرویلنس کا آغاز کیا جا رہا ہے‘300 طلبہ کو ہونہار سکالرشپس اور 300 کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے
لاہور(آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب کے کچہ کے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے 23 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی نے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو دینے کی ہدایت جاری کی، کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سکولوں، ہسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر بھی کی جائے گی، جبکہ ٹرانسپورٹ اور کلینک آن ویلز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔مریم نواز شریف کی ہدایت پر علاقے میں موبائل ویٹرنری ہسپتال اور لیبارٹریز بھی فراہم کی جائیں گی، سکیورٹی کے لیے جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرون سرویلنس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو 24 گھنٹے سے زائد پرواز کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ جدید اے پی سیز اور پولیس گاڑیوں میں بھی سرویلنس کیمرے نصب کیے جائیں گے۔کچہ ایریا میں تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، منصوبے کے تحت 7.1 ارب روپے امن و امان، 13.9 ارب روپے سوشل انفراسٹرکچر اور 1.7 ارب روپے دیگر اقدامات پر خرچ کیے جائیں گے۔تعلیم کے شعبے میں 6 ہزار 551 طالبات کو سکول میل ملک پیک دئیے جائیں گے، جبکہ 300 طلبہ کو ہونہار سکالرشپس اور 300 کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ 108 کلومیٹر طویل سڑکوں کی سولنگ اور 144 کلومیٹر پر مشتمل 27 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔کچہ کے 65 سکولوں کی تعمیر و بحالی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ 16 نئے سکول اور دو گرلز کالجز بھی قائم کیے جائیں گے، مثالی گائوں منصوبے کے تحت سیوریج، ڈرینج اور سپورٹس پراجیکٹس بھی شروع ہوں گے، جبکہ 125 ملین روپے کی لاگت سے سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔مزید برآں، علاقے میں نادرا کے تحت رجسٹریشن سروسز شروع کی جائیں گی، جس سے شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور ب فارم کے اجرا میں سہولت ملے گی