ہمارے پاس تمام آبادی کے نقشے، لوگوں کی تعداد اور مویشیوں کی تفصیلات موجود، انتظامیہ لوگوں کو انخلا کی تیاری کر رہی ہے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(آئی این پی )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینیئر منسٹر شرجیل میمن، وزیر آبپاشی جام خان شورو اور کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل نیول ہیلی کاپٹر میں گڈو بیراج پہنچے گئے۔دوران سفر وزیراعلی سندھ اپنے وزرا اور کمانڈر کوسٹ کے ساتھ نقشوں کی مدد سے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔گڈو بیراج پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت راوی اور تریموں پر پانی بڑھا ہوا ہے، اگرچہ ہمیں امید ہے کہ اتنا پانی نہیں آئے گا لیکن ہم پھر بھی سپر فلڈ کی تیاری کر رہے ہیں، جو 9 لاکھ کیوسکس کا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپر فلڈ کی وجہ سے کچہ پورا ڈوب جائے گا اس لیے سندھ انتظامیہ نے پورے کچے کو خالی کروانے کی تیاری کرلی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس تمام آبادی کے نقشے، لوگوں کی تعداد اور مویشیوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ یہ معلومات ضلعی انتظامیہ کو دے کر انہیں پی ڈی ایم اے سے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک بحریہ نے بہت مدد کی ہے، کمانڈر کوسٹ اس وقت میرے ساتھ ہیں، پاک فوج اور ڈی جی رینجرز سے بھی رابطے میں ہیں