ڈی سی لاہورکا نوٹس، تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی،ہائی سکیورٹی علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس بند کروانیکا حکم

لاہور میں سلنڈر دھماکا: 6افراد جاں بحق 8زخمی
راوی روڈ پرسلنڈر کی ری فلنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے دھماکاہوا،جاں بحق ہونیوالوںمیں 25 سالہ نصرت حفیظ، 4 سالہ زینب ،6 ماہ کا ابراہیم، 5 سالہ فریال، 45 سالہ سمعیہ اور 22سالہ عرفان شامل،دھماکادکان مالک کی غفلت سے پیش آیا،ایف آئی آر کامتن
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے علاقے راوی روڈ میں گیس سلنڈر دھماکے سے بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور8 زخمی ہوگئے۔ راوی روڈ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا،مقدمہ انسٹرکٹر سول ڈیفنس راحیل اجمل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ رکشا میںسلنڈرکی ری فلنگ کرتے ہوئے شارٹ سرکٹ اور دکان مالک امین کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق راوی روڈ پر سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک حادثہ میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے 8افراد زخمی ہوگئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا متعلقہ محکموں کی مدد سے علاقہ کی سویپ چیکنگ کا حکم دے دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس ایچ اوز کو متعلقہ اداروں کی مکمل مدد کرنے اور سول ڈیفنس ودیگر متعلقہ اداروں کے استغاثہ پر بلاتاخیر کارروائی کا حکم دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے لاہور پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام علاقوں میں سخت نگرانی کا حکم بھی دیا جبکہ ہائی سکیورٹی علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس بند کروانیکا حکم بھی دیا گیا۔افسوس ناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ نصرت حفیظ، 4 سالہ زینب ،6 ماہ کا ابراہیم، 5 سالہ فریال، 45 سالہ سمعیہ اور 22سالہ عرفان شامل ہے ۔جبکہ زخمیوں میں 47 سالہ اکبر ،22 سالہ عمیر ،20 سالہ عاقب ،دو بھائی 4 سالہ خرم اور 3 سالہ احتشام شامل ہیں۔ دوسری جانب ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے راوی روڈ پر سلنڈر دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ڈی سی لاہور نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سول ڈیفنس کو دھماکے کی وجوہات کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔سلنڈر دھماکے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔