محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل

ٹیم فیس بک، ایکس، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت تمام معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کرے گی
اسلام آباد(آئی این پی )محرم الحرام کے دوران ملک میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ۔یہ ٹیم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ڈی جی این سی سی آئی اے وقارالدین سید کے حکم پر قائم کی گئی ہے۔ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ 18رکنی ٹیم NCCIA ہیڈ کوارٹرز کے افسران پر مشتمل ہے، جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایاز خان کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے کنوینر ڈپٹی ڈائریکٹر اکرام مغل ہوں گے۔این سی سی آئی اے کے مطابق ٹیم کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن فورمز پر نفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیز مواد اور فرقہ وارانہ بیانیے کو روکنا ہے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔اس مقصد کے تحت ٹیم روزانہ کی بنیاد پر فیس بک، ایکس، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت تمام معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کرے گی۔خصوصی ٹیم ڈارک ویب پر جاری ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں اور سائبر خطرات پر بھی نظر رکھے گی۔